اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ملک کی سیاسی صورتحال میں ہم خیال جماعتوں کو آپس میں جوڑنے کے لیے کمیٹی بنانے کی تجویز پیش کردی۔
گوہر کا کہنا تھا کہ ملک اور فوج سب کی ہیں، ماضی میں بھی ہم ساتھ رہے اور مستقبل میں بھی ساتھ رہیں گے، اور ملک کے موجودہ حالات تقاضا کرتے ہیں کہ جامع مذاکرات کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو ہاتھ ملانا چاہیے تاکہ بات چیت کے دروازے کھلیں اور مسائل کا حل نکل سکے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبے کو اس کے وسائل نہیں دیے جا رہے، وفاقی حکومت کے اوپر واجب الادا رقم صوبے کو فراہم کی جائے، اور آئی ایم ایف کی کرپشن رپورٹ پر بھی بات ہونی چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کا جنازہ نکال دیا گیا، اور اپوزیشن کے لوگ پنجاب میں محفوظ طور پر رہائش اختیار نہیں کر سکتے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئین پر عمل درآمد کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، معاشی استحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اور آئین کی بحالی کے لیے جدوجہد ضروری ہے۔
