English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

رمضان المبارک 2026 کا آغاز فروری کے تیسرے ہفتے میں متوقع

القمر

اسلام آباد: ملک میں رمضان المبارک کے آغاز کی ممکنہ تاریخ سامنے آ گئی ہے، جس کے مطابق برکتوں والے اس مقدس مہینے کا آغاز 20 یا 21 فروری 2026 کو ہونے کا امکان ہے،  کیلنڈر کے مطابق اب رمضان المبارک کی آمد میں محض 60 سے 61 دن باقی رہ گئے ہیں۔

ماہ رجب اور شعبان کے مکمل ہونے کی صورت میں فروری کے تیسرے ہفتے میں پہلا روزہ ہونے کا امکان ہے، حتمی اعلان رویتِ ہلال کمیٹی چاند دیکھنے کے بعد کرے گی۔ ملک بھر میں مسلمانوں کی توجہ چاند کے رویت پر مرکوز ہے کیونکہ یہ مقدس مہینہ عبادات، تلاوتِ قرآن اور روحانی تقویٰ کے لیے انتہائی اہم ہے۔

ماہِ رمضان کے 30 روزے مکمل ہونے کی صورت میں عید الفطر 22 مارچ 2026 بروز اتوار کو متوقع ہے جبکہ اگر رمضان کے روزے 29 ہوں تو عید 21 مارچ بروز ہفتہ کو منائی جا سکتی ہے۔ عید کی حتمی تاریخ بھی شوال کے چاند نظر آنے کے بعد رویتِ ہلال کمیٹی کی طرف سے اعلان کی جائے گی۔

ماہ رجب کے چاند کے نظر آنے کے بعد ملک میں رمضان المبارک کی الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے،  رمضان کا مہینہ مسلمانوں کے لیے روحانی اہمیت کا حامل ہے اور اس دوران روزہ، نماز، صدقات اور دعاؤں کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے،  اس مہینے میں عبادات کے ساتھ ساتھ اجتماعی افطار، تراویح اور قرآن خوانی کے مواقع بھی بڑھ جاتے ہیں۔

عالمی سطح پر بھی رمضان المبارک کی آمد کا تعلق رویتِ ہلال سے ہے اور ہر سال اسلامی کیلنڈر کے مطابق مسلمانوں کے لیے یہ مہینہ مختلف تاریخوں پر شروع ہوتا ہے،  ملک میں تمام مساجد اور کمیونٹی مراکز بھی رمضان کی تیاری میں مصروف ہیں تاکہ مسلمان با آسانی عبادات اور افطار و سحری کی رسومات انجام دے سکیں۔

رویتِ ہلال کے بعد سرکاری اور نجی ادارے بھی تعطیلات اور خصوصی انتظامات کا اعلان کرتے ہیں تاکہ شہریوں کو رمضان کے مواقع سے بھرپور استفادہ حاصل ہو سکے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے