امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے نام سے، 100 گنا طاقتور ’’ٹرمپ کلاس‘‘ بحری جنگی جہاز تیار کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق فلوریڈا میں پریس کانفرنس میں امریکی صدر نے کہا کہ امریکی بحریہ کو دنیا کی طاقتور بحریہ بنا رہے ہیں، اس سے امریکی جہاز سازی صنعت کو بحال کرنے میں اور امریکی فوج کی طاقت کو قائم رکھنے میں مدد ملے گی۔
نیوی کے لیے گولڈن فلیٹ کا اعلان کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہم ٹرمپ کلاس بیٹلشپ بنانے جا رہے ہیں، یہ کسی بھی سابقہ جنگی جہاز کے مقابلے میں 100 گنا زیادہ بڑا، تیز رفتار اور طاقت ور ہو گا، وکٹری نامی جہاز امریکی فوج کی طاقت کو قائم رکھنے میں مدد دے گا، یہ دنیا بھر میں امریکا کے دشمنوں کو خوف زدہ کر دیں گے۔
انھوں نے کہا ایک دو سال پہلے جو ہم پر ہنستے تھے، اب وہ ہمارا احترام کرتے ہیں، اس سے امریکی جہاز سازی صنعت کو بحال کرنے میں مدد ملے گی، بحریہ کے ہیڈکوارٹر کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ آبدوز سازی میں امریکا کسی بھی ملک سے 15 برس آگے ہے، امریکی بحریہ کو دنیا کی طاقتور ترین بحریہ بنانے جا رہے ہیں، چین اور روس کوئی بھی آبدوزوں میں ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتا، ہماری سب میرینز بھی دنیا میں سب سے زیادہ جدید ہیں۔
