سرینگر: مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں منگل کے روزیوتھ کانگریس نے بہار میں مسلم ڈاکٹر کا حجاب کھینچنے کے واقعے کے خلاف احتجاج درج کیا اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔
اس دوران مظاہرین نے نتیش کمار کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور کانگریس پارٹی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے نتیش کمار کا پتلا بھی نذر آتش کیا اور ان سے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفادینے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کو بتایا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ کچھ روز قبل بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ہماری ایک بہن کے ساتھ بدتمیزی کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج اس لیے ہے کہ آئین نے ہمیں جو حقوق فراہم کیے ہیں، وہ ہمیں ملنا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں مذہب کے نام پر جو سیاست ہو رہی ہے، وہ بند ہونی چاہیے۔
مظاہرین نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ملک میں نفرت کی سیاست کر رہی ہے جب کہ کانگریس ہمیشہ محبت کی سیاست کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو پارٹیاں نتیش کمار کے خلاف آواز بلند کر رہی ہیں ہم ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور تمام ہم خیال پارٹیوں کو ان کی مخالفت کرنی چاہیے۔
