English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ماسکو میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد ہلاک

القمر

ماسکو: روسی دارالحکومت ماسکو میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک اور مہلک بم دھماکے نے سیکیورٹی خدشات کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جہاں پولیس وین کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد ہلاک ہو گئے۔ واقعے کے بعد شہر کے حساس علاقوں میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روسی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا، جسے پولیس وین کے قریب نصب کیا گیا تھا۔

حکام نے کہا ہے کہ یہ واقعہ اسی مقام پر پیش آیا جہاں محض دو روز قبل ایک روسی جنرل کار بم دھماکے میں ہلاک ہوئے تھے، جس سے اس علاقے کی سیکیورٹی پر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

دھماکے کے فوراً بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ ابتدائی تحقیقات میں مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ شہر میں ممکنہ مزید حملوں کے خدشے کے پیش نظر حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ماسکو میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں ایک اعلیٰ روسی فوجی افسر کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

روسی میڈیا رپورٹس میں اس حملے کے پیچھے یوکرینی اسپیشل فورسز کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا، تاہم یوکرینی حکام کی جانب سے ان الزامات پر تاحال کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔ مسلسل پیش آنے والے ان واقعات نے خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے