بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولادت کے موقع پر پاکستان کی تینوں مسلح افواج نے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بابائے قوم کے افکار، اصول اور وژن آج بھی قوم اور ریاست کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قائداعظم کی مثالی قیادت، آئین کی بالادستی اور غیر متزلزل ثابت قدمی عصرِ حاضر کے پیچیدہ اور کٹھن چیلنجز سے نمٹنے میں قوم اور اس کی مسلح افواج کو واضح رہنمائی فراہم کرتی ہے۔
اعلامیے کے مطابق یومِ پیدائش کے اس پرمسرت موقع پر فیلڈ مارشل، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل سمیت تینوں مسلح افواج نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مسلح افواج نے اس بات پر زور دیا کہ قائداعظم کی جدوجہد، اصول پسندی اور آئینی سوچ پاکستان کے دفاع، استحکام اور ترقی کے لیے آج بھی بنیاد کی حیثیت رکھتی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج قائداعظم کے متعین کردہ سنہری اصولوں، ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط پر مبنی ایک مضبوط، خودمختار، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔ ان اصولوں کی روشنی میں ہی ریاستی ادارے قومی مفاد، سلامتی اور عوام کی فلاح کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، تاکہ پاکستان کو درپیش داخلی و خارجی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔
مسلح افواج کے بیان میں اجاگر کیا گیا کہ قائداعظم کی قیادت صرف ایک تاریخی حوالہ نہیں بلکہ ایک زندہ اور متحرک رہنمائی ہے۔ آئین پر سختی سے کاربند رہنا، اصولوں پر سمجھوتا نہ کرنا اور مشکل حالات میں ثابت قدم رہنا وہ صفات ہیں جو آج کے دور میں بھی قومی یکجہتی اور استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ یہی وہ اقدار ہیں جو مسلح افواج کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں اور قائداعظم کے نظریات اور امنگوں کے مطابق قومی امن، استحکام اور ترقی کے لیے دل و جان سے کام کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔ مسلح افواج نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ کسی بھی قربانی سے دریغ کیے بغیر قوم کے دفاع اور سلامتی کو یقینی بنائیں گی۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں پاکستان کی مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد بھی پیش کی گئی۔ بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج ملک کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کی گرانقدر خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور قائداعظم کے اس وژن پر کاربند ہیں جس میں تمام شہریوں کے لیے مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مسلح افواج قائداعظم محمد علی جناحؒ کی وراثت کو برقرار رکھنے، ان کے افکار کو عملی شکل دینے اور قوم کی غیرت، حوصلے اور لگن کے ساتھ خدمت کرنے کے اپنے عزم پر پوری طرح ثابت قدم ہیں۔
