اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی دعوت پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا طیارہ نورخان ایئربیس پر لینڈ کرگیا ہے، دارالحکومت میں متحدہ عرب امارات کے صدر کے استقبال کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے گئے، جنہیں تاریخی اور شایانِ شان قرار دیا جا رہا ہے جبکہ تمام تر تیاریاں پہلے ہی مکمل کر لی گئی تھیں۔
یو اے ای کے صدر کے طیارے کے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیاروں نے اسے حصار میں لے کر فضائی سلامی دی، جو دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کی علامت سمجھی جا رہی ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے تاکہ دورے کو ہر لحاظ سے محفوظ اور کامیاب بنایا جا سکے۔
دورے کے دوران صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکومتی و ریاستی شخصیات سے اہم ملاقاتیں بھی طے ہیں، جن میں باہمی تعاون کے نئے امکانات اور مستقبل کی مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان آیا ہے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کے علاوہ خطے اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ یو اے ای کے صدر کا یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان طویل المدتی، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کی عملی عکاسی ہے۔
اس دورے سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقیاتی منصوبوں اور علاقائی استحکام کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے، جو دونوں ممالک کے لیے باہمی فائدے کا باعث بنے گا۔
صدر متحدہ عرب امارات کے دورۂ پاکستان کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اسی تناظر میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی آج چھٹی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ اور اسلام آباد ڈسٹرکٹ کورٹس 26 دسمبر کو بند رہیں گی۔
