مدینہ منورہ: مسجدِ نبوی ﷺ میں اللہ کے مہمانوں کو عبادت کے لیے آواز دینے والے شیخ فیصل نعمان کا چند روز قبل انتقال ہو گیا۔
25 سال تک مؤذن کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے شیخ فیصل کی رقت آمیز اور دل کو چھو لینے والی اذان کی آواز ہمیشہ کے لیے خاموش ہو گئی۔
شیخ فیصل نعمان کا تعلق ایک ایسے خاندان سے تھا جو طویل عرصے سے مسجدِ نبوی ﷺ کی خدمت کرتا رہا ہے۔ ان کے والد بھی 90 سال سے زائد عمر تک مسجد میں اذان دیتے رہے، بعد ازاں یہ سعادت شیخ فیصل کو نصیب ہوئی۔ ان کی نماز جنازہ فجر میں ادا کی گئی اور تدفین جنت البقیع میں ہوئی، جہاں اہلِ بیت اور جلیل القدر صحابہ کرام آرام فرما ہیں۔
حال ہی میں شیخ فیصل نعمان کی آخری اذان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں وہ اپنی زندگی کی آخری پکار دیتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ مسجد نبوی کی انتظامیہ نے 2 نومبر کو دی گئی ان کی آخری اذان بھی شیئر کی تھی، جو ان کی زندگی کی آخری عبادتی آواز ثابت ہوئی۔
