English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یورپ میں پاکستانی ورکرز کے لیے روزگار کے وسیع مواقع: اٹلی کا بڑا اعلان

القمر

اسلام آباد: وزارت اوورسیز پاکستانیز کی خصوصی کاوشوں سے پاکستانی محنت کشوں کے لیے یورپ کے دروازے کھل گئے ہیں۔

ترجمان وزارت نے بتایا کہ اٹلی نے پاکستان کے لیے آئندہ تین سال کے لیے نوکریوں میں مجموعی طور پر 10 ہزار 500 افراد کا کوٹہ الاٹ کر دیا ہے۔ اس کوٹہ کے تحت ہر سال 3 ہزار 500 پاکستانی مختلف شعبوں میں روزگار حاصل کریں گے جن میں سیزنل اور نان سیزنل دونوں زمروں کے مواقع شامل ہیں۔

اٹلی کی جانب سے مختص شدہ سالانہ کوٹہ میں 1 ہزار 500 پاکستانی سیزنل اور 2 ہزار نان سیزنل کوٹہ کے تحت روزگار کے لیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اٹلی میں پاکستانی ورکرز کے لیے کوٹہ حاصل کرنے کی خصوصی درخواست کی تھی، جس کے نتیجے میں یہ کامیابی حاصل ہوئی۔

پاکستان کو اٹلی میں شپ بریکنگ، ہاسپٹیلیٹی، ہیلتھ کئیر اور زراعت کے شعبوں میں روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی ہنرمند و نیم ہنرمند ورکرز اس کوٹہ کے تحت ویلڈرز، ٹیکنیشن، شیف، ویٹرز، ہائوس کیپنگ اسٹاف، نرسز، میڈیکل ٹیکنیشنز، فارمنگ اور کاشتکاری کے شعبوں میں کام کریں گے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ یورپ کا کوئی ملک پاکستانی ورک فورس کے لیے اتنی بڑی تعداد میں روزگار کا کوٹہ مختص کر رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاکستان اور اٹلی کے مابین جوائنٹ ورکنگ گروپ کا دوسرا اجلاس فروری 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا تاکہ مزید منصوبہ بندی کی جا سکے۔

وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے اس کامیابی کو اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے لیے یورپی لیبر مارکیٹ میں روزگار کے نئے مواقع تلاش کرنے میں ایک نمایاں قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے محنت کشوں کو عالمی سطح پر باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے اور اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر اور ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

چوہدری سالک حسین نے مزید کہا کہ طویل محنت کے بعد اٹلی میں پاکستانی ورک فورس کے لیے روزگار کے دروازے کھلنے جا رہے ہیں اور جلد یورپ کے مزید ممالک میں بھی پاکستانی ورک فورس کے لیے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے