ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

لاہور کی اہم نشست پر نواز شریف کامیاب قرار، یاسمین راشد کی درخواست خارج

لاہور کی قومی اسمبلی کی نشست این اے 130 سے متعلق انتخابی تنازع ختم ہوگیا۔ الیکشن ٹربیونل نے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو درست قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کی جانب سے دائر کی گئی درخواست مسترد کر دی۔

الیکشن ٹربیونل میں اس کیس کی سماعت کے دوران نواز شریف کی جانب سے بیرسٹر اسد اللہ چٹھہ نے دلائل پیش کیے، جن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن قوانین کے مطابق انتخابی عمل شفاف تھا اور نتائج میں کسی قسم کی قانونی خامی موجود نہیں۔

ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود نے فریقین کے دلائل سننے اور ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست خارج کر دی اور نواز شریف کی کامیابی کو برقرار رکھا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست گزار انتخابی نتائج میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے ایسے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہیں جو قانون کی نظر میں نتائج کو کالعدم قرار دینے کے لیے کافی ہوں۔ ٹربیونل نے قرار دیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ کامیابی کا نوٹیفکیشن آئین اور قانون کے مطابق ہے، اس لیے اسے برقرار رکھا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ فروری 2024 کے عام انتخابات میں این اے 130 لاہور ملکی سیاست کی سب سے زیادہ زیر بحث نشستوں میں شامل رہی۔ اس حلقے سے نواز شریف نے 171,024 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ ان کے مدِ مقابل آزاد امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد 115,043 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔

نتائج کے بعد ڈاکٹر یاسمین راشد نے انتخابی عمل پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے الیکشن ٹربیونل میں درخواست دائر کی تھی اور نواز شریف کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں