پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ کراچی میں تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کریں گے۔
کراچی روانگی سے قبل جاری کیے گئے اپنے ویڈیو اور تحریری پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بتایا کہ وہ تین روزہ دورے پر سندھ جا رہے ہیں، جہاں اتوار کے روز مزارِ قائد کے احاطے میں ایک بھرپور عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا،
سندھ کے دورے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام صوبے کے ہر شہر، ہر گاؤں اور ہر طبقے تک پہنچایا جائے گا، سندھ کی عوام طویل عرصے سے تبدیلی کی منتظر ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ وہ اس جدوجہد میں عملی طور پر اپنا کردار ادا کریں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسٹریٹ موومنٹ کی تیاریوں میں بھرپور انداز میں شریک ہوں اور سیاسی جدوجہد کا حصہ بنیں، اتوار کو ساڑھے چار بجے مزارِ قائد پر ہونے والا جلسہ کراچی کے عوام کی طاقت اور سیاسی شعور کا مظہر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ شہر کی سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ثابت ہوگا، یہ اجتماع نہ صرف کراچی بلکہ ملک بھر کی سیاست میں ایک نئی سمت کا تعین کرے گا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر راجہ اظہر نے بتایا ہے کہ سندھ میں جلسے کے انعقاد سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کا صوبائی وزیر ناصر شاہ سے رابطہ ہوا ہے، جس کے بعد آج باضابطہ طور پر جلسے کے اجازت نامے کے اجرا کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اپنے کراچی کے دورے کے دوران مختلف سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے، وہ سب سے پہلے انصاف ہاؤس جائیں گے، بعد ازاں کراچی پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کریں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ اگلے روز حیدرآباد روانہ ہوں گے، دورے کا اختتام اتوار کو مزارِ قائد پر ہونے والے بڑے عوامی جلسے پر ہوگا، جس کے لیے پارٹی کی جانب سے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔
