لاہور: اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ملک بھر کے کارکنوں کو 8 فروری کو احتجاج کرنے کی کال دیتے ہوئے کہا کہ آج تک کسی جرنیل، جج یا سیاستدان کو آئین کی خلاف ورزی پر سزا نہیں دی گئی۔
لاہور ہائی کورٹ کراچی شہدا ہال میں پی ٹی آئی ویمن ونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےمحمود خان اچکزئی نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ خواتین آزاد ہیں، مردوں میں آج بھی یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ عورت کی عقل کم ہے، صرف دوپٹہ پہننا یا بازاروں میں جانا عورت کے حقوق کی ضمانت نہیں ہے۔
سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے مزید کہا کہ خدا نے عورت کو عظیم حیثیت دی ہے اور جنت ماں کے قدموں میں ہے لیکن آج بھی بلوچ سردار، پنجابی چوہدری، سندھی وڈیرے اور پشتون عورت کو اس کا حق نہیں دیتے، عورت اپنے باپ کے حکم پر ہر طرح کے مرد کے ساتھ گزارا کرتی ہے، جس سے اس کے حقوق محدود رہ جاتے ہیں۔
انہوں نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور آئین کی مکمل پاسداری کے لیے عوامی بیداری اور احتجاج کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم ملکی مفاد میں عوامی رابطہ مہم پر نکلے ہوئے ہیں۔
