سرزمین پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں کے آثار موجود ہیں۔ گندھارا، موہنجو داڑو، ہڑپہ اور کوٹ ڈیجی جیسے تاریخی مقامات پاکستان کی قدیم ثقافتی شناخت کا حصہ ہیں۔
حکومت پاکستان ملک کی یہ تہذیبی ورثہ آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔
اسلام آباد میوزیم میں قائم جدید ڈیجیٹل گندھارا گیلری میں تاریخ شیشے کے پیچھے حقائق کا روپ دھارے زندہ ہو گئی ہے۔ اس گیلری میں گندھارا تہذیب کو مصنوعی ذہانت، تھری ڈی ٹیکنالوجی اور ورچوئل ماحول میں پیش کیا جاتا ہے۔ یہ منصوبہ کوریا ہیریٹیج ایجنسی، محکمہ آثار قدیمہ پاکستان اور نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن کے اشتراک سے بنایا گیا ہے۔
گیلری کا وزٹ کرنے والے خود کو ورچوئل گندھارا دور میں محسوس کرتے ہیں، جہاں ہر شے کی تفصیلات اور تاریخی حقائق جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زندہ کیے گئے ہیں۔ اس گیلری کی تعریف ملکی و غیر ملکی سیاحوں، طالب علموں اور محققین نے بھی کی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف تاریخ کے طالب علموں کو گندھارا تہذیب کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دے گا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی ثقافتی شناخت کو بھی فروغ دے گا۔