ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

تمام جماعتیں متفق ہو جائیں، عمران خان سے دستخط میں کروا لوں گا، محمود اچکزئی

کراچی: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں 5 یا 6 بنیادی نکات پر متفق ہو جائیں تو وہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی سے خود دستخط کروا لیں گے۔

انہوں نے یہ بات کراچی میں سابق گورنر محمد زبیر کی رہائش گاہ پر منعقدہ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید سیاسی، معاشی اور آئینی بحرانوں کی لپیٹ میں ہے اور یہ بحران بیرونی نہیں بلکہ اندرونی غلطیوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کئی ادارے اپنی آئینی حدود سے ہٹ کر کام کر رہے ہیں، تاہم اس کے باوجود ان کی فوج یا کسی ادارے سے کوئی دشمنی نہیں، کیونکہ فوج کے بغیر ملک کا وجود ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ غلط پالیسیوں کے باعث ملک معاشی بدحالی کی طرف جا رہا ہے، ایک بڑی سیاسی جماعت سے اس کا انتخابی نشان چھینا گیا اور اس کے قائد کو جیل میں رکھا گیا، جو جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ اپوزیشن اتحاد کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تحریک تحفظ آئین کسی اقتدار کی جنگ کے لیے نہیں بلکہ آئین کی بالادستی کے لیے قائم کی گئی ہے۔

محمود خان اچکزئی نے افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خطے کے مسائل کا حل طاقت میں نہیں بلکہ مذاکرات میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ سے خیبر تک حالات بہتر نہیں اور افغانستان ایشیا کا دل ہے، اس لیے زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کر پالیسی ترتیب دینا ہوگی۔

اس موقع پر تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت نے 8 فروری کو ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال اور یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا۔ اسد قیصر، راجا ناصر عباس اور دیگر رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئین، ووٹ کے تحفظ، آزاد عدلیہ اور سیاسی حقوق کے لیے گھروں سے نکلیں اور احتجاج میں حصہ لیں۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں