گوادر میں افسوسناک ٹریفک حادثے میں مسافر کوچ الٹنے سے 9 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔
حادثہ گوادر کے علاقے ہڈ گوٹھ میں پیش آیا جہاں تیز رفتار کوچ بے قابو ہوکر سڑک سے الٹ گئی۔
پولیس کے مطابق کوچ کراچی سے جیونی جارہی تھی کہ دورانِ سفر حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے کے نتیجے میں گاڑی میں سوار متعدد مسافر شدید زخمی ہوئے جبکہ 9 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارروائیوں کے دوران زخمیوں اور جاں بحق افراد کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، ابتدائی طور پر تیز رفتاری کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
