اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 5.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، چارسدہ اور نوشہرہ میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جبکہ گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کی شدت زیادہ رہی۔ گلگت، ہنزہ، نگر، غذر اور دیامر سمیت دیگر اضلاع بھی زلزلے سے متاثر ہوئے۔ بعض مقامات پر پہاڑوں سے پتھر گرنے کے واقعات پیش آئے، جس کے باعث مختلف شاہراہیں عارضی طور پر بند ہو گئیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) کے مطابق وفاقی دارالحکومت سمیت خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے متعدد اضلاع میں زلزلہ واضح طور پر محسوس کیا گیا، زلزلے کے جھٹکے صبح 11 بج کر 21 منٹ پر ریکارڈ کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز شمال مغربی کشمیر کے پہاڑی علاقے میں تھا، زلزلے کی گہرائی زمین کی سطح سے تقریباً 10 سے 35 کلومیٹر زیرِ زمین تھی۔
زلزلہ پیمامرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کے اچانک جھٹکوں کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری گھروں سے کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے۔
رپورٹ کے مطابق زلزلے سے تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مقامی انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔
ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ صورتِ حال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور اب تک کسی ایمرجنسی کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری گھبراہٹ میں مبتلا نہ ہوں، افواہوں سے گریز کریں اور آفیشل ذرائع سے فراہم کی جانے والی معلومات پر ہی انحصار کریں، زلزلے کے بعد ہنگامی احتیاطی تدابیر اختیا کریں۔