ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

پاکستان اور برطانیہ کا تیل، گیس اور معدنیات کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد :پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تیل و گیس اور معدنیات کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق ہو گیا ہے جبکہ برطانیہ نے جیولوجیکل سروے آف پاکستان کی استعداد کار بڑھانے کے لیے 400 ملین ڈالر کی معاونت کی پیشکش بھی کی ہے، یہ پیش رفت وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان توانائی اور معدنی وسائل کے شعبے میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور یہاں توانائی اور معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ برٹش جیولوجیکل سروے اور جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے درمیان تعاون سے پاکستان کے منرل سیکٹر میں نمایاں ترقی ممکن ہو سکے گی، جیولوجیکل ڈیٹا کی بہتری اور جدید سروے تکنیکوں کے استعمال سے نہ صرف معدنی وسائل کی بہتر نشاندہی ہوگی بلکہ عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھے گا۔

علی پرویز ملک نے بتایا کہ توانائی کے شعبے میں ادارہ جاتی استعداد بڑھانے کے لیے حکومت مختلف اقدامات کر رہی ہے، جن میں ریگولیٹری اصلاحات اور اداروں کی تنظیمِ نو شامل ہے۔ ملاقات میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی تنظیمِ نو کے لیے تشخیصی جائزے پر بھی مشترکہ غور کیا گیا تاکہ اس ادارے کو مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے آف شور تیل و گیس کی تلاش کے حوالے سے برطانوی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ برطانوی کمپنیاں پاکستانی سرکاری اداروں کے ساتھ شراکت داری کر سکتی ہیں، حکومت سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر علی پرویز ملک نے بتایا کہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 8 اور 9 اپریل کو منعقد کیا جائے گا، جس میں عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ گزشتہ سال منعقد ہونے والا پاکستان منرل انویسٹمنٹ فورم نہایت متاثر کن تھا اور اس سے عالمی سطح پر مثبت پیغام گیا۔

دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان توانائی اور معدنیات کے شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جس سے نہ صرف پاکستان کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ دو طرفہ تعلقات بھی مزید مستحکم ہوں گے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں