ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں بچوں کی آن لائن حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے نیا قانون نافذ کر دیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق بچوں کو انٹرنیٹ کے ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے مقصد کے تحت اماراتی چائلڈ ڈیجیٹل سیفٹی قانون لاگو کیا گیا ہے، جس کے تحت بچوں کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کی نگرانی کی قانونی ذمہ داری والدین پر عائد کر دی گئی ہے۔ نئے قانون کے مطابق والدین پر لازم ہوگا کہ وہ بچوں کے آن لائن استعمال، سوشل میڈیا سرگرمیوں اور ڈیجیٹل عادات پر باقاعدہ نظر رکھیں، جو اب صرف اخلاقی نہیں بلکہ قانونی ذمہ داری بھی تصور کی جائے گی۔
قانون کے تحت والدین کو بچوں کے موبائل فونز، ٹیبلٹس اور لیپ ٹاپس کے استعمال کی نگرانی کرتے ہوئے انہیں نامناسب اور خطرناک مواد سے بچانا ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ بچوں کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، آن لائن گیمز، سرچ انجنز اور اسٹریمنگ سروسز پر محفوظ اور موزوں ماحول فراہم کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نئے ضوابط کے مطابق ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی بچوں کی آن لائن سکیورٹی کو یقینی بنانے کی پابند ہوں گی، جبکہ متحدہ عرب امارات سے باہر کام کرنے والی کمپنیاں بھی ان قوانین کی پاسداری کی ذمہ دار ہوں گی۔