اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے اور لاہور لندن سے زیادہ محفوظ شہر ہے۔
یہ ریمارکس انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس کے دوران دیے، جہاں گاڑیوں کے کالے شیشوں سے متعلق قوانین اور جرمانوں پر تفصیلی بحث ہوئی۔
اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی نے سوال اٹھایا کہ بیرونِ ملک کالے شیشوں کے استعمال کے لیے اضافی فیس جمع کرائی جاتی ہے جب کہ پاکستان میں واضح پالیسی کے بغیر شہریوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی ہدایت کے باوجود پالیسی بننے سے قبل لوگوں پر 50 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے جو تشویشناک ہے۔
سینیٹر طلال چوہدری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی اس حوالے سے رہنمائی فراہم کرے، کیونکہ اس وقت وفاق اور صوبوں میں کوئی جامع پالیسی موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایکسائز سے متعلق ایک قانون موجود ہے جس کی بنیاد پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کالے شیشوں کے لیے سرٹیفکیٹس جاری ہوتے تھے لیکن ان کا غلط استعمال کیا گیا، جس کے بعد یہ معاملہ ایک فیشن بن چکا ہے۔
اجلاس میں ممبر کمیٹی ثمینہ ممتاز نے سیکورٹی خدشات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کو مکمل تحفظ فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کچے کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کے سنگین جرائم اور سیکورٹی خدشات کے واقعات کا حوالہ دیا۔
اس پر سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ جرائم دنیا بھر میں ہوتے ہیں اور پاکستان کو عالمی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ لاہور لندن سے زیادہ محفوظ ہے، جس پر کمیٹی کے دیگر ارکان نے بھی مختلف آرا پیش کیں اور ملک میں سیکورٹی صورتحال پر سوالات اٹھائے گئے۔ اجلاس میں اس معاملے پر مزید غور اور پالیسی سازی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
