پاک فضائیہ کا دستہ سعودی عرب میں جاری ورلڈ ڈیفنس شو 2026 میں شریک ہے، جہاں جدید ترین جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری ملٹی رول فائٹر اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ سپر مشاق تربیتی طیارے کی نمائش کی جا رہی ہے۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اس نمائش میں شرکت دفاع اور سلامتی کے شعبے میں پاکستان کی عالمی پوزیشن کو مستحکم کرنے کے ساتھ مقامی ایرواسپیس صنعت کی ترقی اور پی اے ایف کی عملی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہے۔
جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری جدید ایویانکس، اے ای ایس اے ریڈار، مؤثر الیکٹرانک وارفیئر نظام اور بی وی آر میزائل سے لیس ایک طاقتور 4.5 جنریشن فائٹر طیارہ ہے۔ اس کے ساتھ سپر مشاق تربیتی طیارہ پائلٹ ٹریننگ میں پاکستان کی صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے اور متعدد دوست ممالک کی فضائی افواج میں بنیادی تربیتی پلیٹ فارم کے طور پر استعمال ہو رہا ہے۔
نمائش کے دوران بین الاقوامی وفود اور دفاعی حکام کو پاک فضائیہ کے ساتھ تعاون، تربیت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے مواقع پر تبادلۂ خیال کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔