راولپنڈی : بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا، جس کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم واپس روانہ ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق سینئر ڈاکٹروں پر مشتمل طبی ٹیم نے ان کی آنکھوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈاکٹروں نے تقریباً ایک گھنٹے تک جیل میں رہ کر مختلف طبی معائنے کیے۔ ٹیم میں ڈاکٹر فاروق، ڈاکٹر سکندر اور ڈاکٹر عارف شامل تھے، جبکہ آنکھوں کے معائنے کے خصوصی آلات بھی ساتھ لائے گئے تھے۔ ٹیم کے ہمراہ ٹیکنیشن بھی موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کی رپورٹ آج ہی مرتب کیے جانے کا امکان ہے اور مکمل رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ طبی ٹیم نے جیل میں تقریباً ڈھائی گھنٹے تک پی ٹی آئی قیادت کا انتظار کیا، تاہم کسی رہنما کی آمد نہ ہونے پر ڈاکٹروں نے معائنہ مکمل کیا۔
یاد رہے کہ عدالت عظمیٰ نے 16 فروری سے قبل بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے مطابق رپورٹ جلد تیار کر لی جائے گی۔