امریکا میں فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے رکن کانگریس Randy Fine کی سوشل میڈیا پوسٹ پر شدید ردعمل سامنے آیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق انہوں نے ایک سوشل میڈیا پیغام میں مسلمانوں کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے جسے صارفین نے نفرت انگیز اور غیر انسانی قرار دیا۔ یہ بیان منظر عام پر آتے ہی مختلف ریاستوں میں مسلم کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے احتجاج شروع ہوگیا۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق متعدد شہری حقوق گروپوں نے نہ صرف اس بیان کی مذمت کی بلکہ فوری استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔ واشنگٹن میں قائم تنظیم کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز نے ایوان نمائندگان کی قیادت سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے اور واضح مؤقف اختیار کرے۔
تنظیم کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے بیانات معاشرے میں نفرت اور تقسیم کو ہوا دیتے ہیں اور مسلم شہریوں کے لیے عدم تحفظ کا باعث بنتے ہیں۔
کیلیفورنیا کے گورنر Gavin Newsom نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے خیالات امریکی اقدار کے منافی ہیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ معاملہ آنے والے دنوں میں مزید شدت اختیار کرسکتا ہے کیونکہ کانگریس کے اندر اور باہر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
دوسری جانب رکن کانگریس نے اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ تنقید سے خوفزدہ نہیں اور اپنے خیالات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔