میکسیکو کی وزارتِ دفاع کے مطابق مغربی ریاست جالسکو میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بدنامِ زمانہ کارٹیل کا سربراہ نیمیسیو اوسیگوئرا المعروف ایل مینچو زخمی ہو گیا۔ حکام کے مطابق اسے دارالحکومت میکسیکو سٹی منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق ایل مینچو طاقتور جرائم پیشہ گروہ جیلسکو نیو جنریشن کارٹل کا سربراہ تھا، جس نے کم عرصے میں عالمی سطح پر منشیات اسمگلنگ کا وسیع نیٹ ورک قائم کر لیا تھا۔ اس گروہ کا مقابلہ حریف تنظیم سینالوا کارٹل سے تھا، جس کی قیادت ماضی میں گرفتار منشیات فروش جواکین ایل چیپو گزمان کر چکا ہے۔
کارروائی کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں پرتشدد واقعات رونما ہوئے۔ کئی ریاستوں میں گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی اور مسلح افراد نے اہم شاہراہیں بند کر دیں۔ جالسکو کے گورنر پابلو لیموس ناورو نے شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت جاری کی، جبکہ امریکی حکام کی جانب سے بھی احتیاطی انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
