English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سیاسی ڈیڈلاک ختم کرنے کے لیے مذاکرات ضروری ہیں، ہٹ دھرمی سے نظام نہیں چلتا، رانا ثنا

القمر

اسلام آباد وزیرِاعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر کوئی فریق ہٹ دھرمی پر قائم رہے اور بات ماننے کو تیار نہ ہو تو معاملات آگے بڑھانا مشکل ہو جاتا ہے حالانکہ سیاست دان ماضی میں میثاقِ جمہوریت جیسے معاہدوں پر متفق ہو چکے ہیں۔

ایوانِ بالا میں اظہارِ خیال کرتے ہوئےرانا ثنا نے کہا کہ سیاست میں برداشت اور مفاہمت بنیادی اصول ہیں مگر بعض رہنما مسلسل محاذ آرائی کی روش اپناتے رہے، اپوزیشن قیادت نے کئی برس تک سخت مؤقف اختیار کیے رکھا جس سے سیاسی ماحول میں تناؤ بڑھا اور مکالمے کی فضا متاثر ہوئی۔

سابق وزیرِاعظم عمران خان کی صحت سے متعلق معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ ان کی معلومات کے مطابق ڈاکٹر ندیم قریشی کو خود ان کی درخواست پر طبی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا،ڈاکٹروں نے معائنہ مکمل کیا اور رپورٹ میں علاج کو درست قرار دیا،وکلا ٹیم کے رکن گوہر علی خان کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی مگر انہوں نے آنے سے انکار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاملہ عدالت میں بھی زیرِ غور آیا مگر سپریم کورٹ آف پاکستان میں اضافی مطالبات یا تو پیش نہیں کیے گئے یا منظور نہیں ہوئے، جب طبی معائنہ ہو چکا اور ڈاکٹر کی رائے آ چکی تو اس معاملے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہیے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اتحادی حکومت ہمیشہ سیاسی مذاکرات کی حامی رہی ہے، حتیٰ کہ اس وقت بھی جب موجودہ اپوزیشن اقتدار میں تھی۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دی کہ وہ پارلیمنٹ کا فعال حصہ بنیں، قائمہ کمیٹیوں میں شریک ہوں اور جمہوری نظام کے استحکام کے لیے مشترکہ کوشش کریں۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے