راولپنڈی: تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کرائی گئی، جو جیل مینوئل کے مطابق منگل کے روز معمول کے تحت ہوئی۔
جیل ذرائع کے مطابق یہ ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں کرائی گئی اور طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق عمل میں آئی، بشریٰ بی بی نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو کی، خاص طور پر ان کی متاثرہ آنکھ اور گزشتہ روز ہونے والے طبی عمل کے بارے میں دریافت کیا۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل بشریٰ بی بی کی اپنے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کرائی گئی تھی، کانفرنس روم میں ہونے والی اس ملاقات میں ان کی بھابی اور بھتیجا شامل تھے۔ ملاقات کے دوران خاندانی معاملات اور عمران خان کی آنکھ کے علاج سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ تمام ملاقاتیں طے شدہ طریقہ کار کے مطابق اور سیکیورٹی انتظامات کے تحت کرائی گئیں۔
واضح رہے کہ عمران خان اس وقت مختلف مقدمات میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں اور ان کی صحت سے متعلق امور پر پارٹی رہنماؤں اور اہلِ خانہ کی جانب سے وقتاً فوقتاً تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
