امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کی ممکنہ فوجی کارروائی سے متعلق انتباہ کو سنجیدگی سے لیا جائے۔
امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ واضح کر چکے ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ جوہری تنازع کا حل سفارتی ذرائع سے چاہتے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ ایرانی حکام آئندہ مذاکرات میں اس مؤقف کو سنجیدگی سے اختیار کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ اس ہدف کو بات چیت کے ذریعے حاصل کرنا چاہتے ہیں، تاہم امریکا کے پاس دیگر راستے بھی موجود ہیں۔
امریکا اور ایران کے وفود کے درمیان تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات کا تیسرا دور آج جنیوا میں منعقد ہوگا۔
نائب صدر نے امید ظاہر کی کہ ایران مذاکرات کے دوران صدر ٹرمپ کی سفارتی حل کو ترجیح دینے کی خواہش کو سنجیدگی سے لے گا۔
