کراچی: قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائیوں کے دوران کراچی اور راولپنڈی میں متعدد افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا ہے، جس سے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیوں میں شدت دیکھنے کو ملی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے ضلع جنوبی میں پولیس، رینجرز اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ چھاپہ مار ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے دو افغان شہریوں کو حراست میں لے لیا۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ گرفتار شدگان کو ٹرانزٹ کیمپ منتقل کیا جائے گا، جہاں ان کے قانونی اور انتظامی امور مکمل کیے جائیں گے۔
اسی دوران راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد کے حدود میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم 24 افغان باشندوں کو گرفتار کیا۔
حکام کے مطابق کارروائی کا مقصد غیر قانونی بسنے والے افراد کی نشاندہی اور انہیں قانونی دائرہ کار میں لانا ہے، تاکہ شہری اور قومی سلامتی کے مفادات محفوظ رہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف جاری مہم کا حصہ یہ کارروائیاں بھی ہیں اور مستقبل میں ایسے اقدامات مزید مضبوط اور جامع انداز میں کیے جائیں گے تاکہ قانون کی حکمرانی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب سکھن، شریف آباد، فیروز آباد، سرسید، جیکسن، خواجہ اجمیر نگری، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا اور شارع نورجہاں میں پولیس نے مختلف حساس علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مقابلوں کے بعد مجموعی طور پر 15 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن میں سے 13 زخمی بھی ہوئے۔ کارروائی کے دوران گرفتار شدگان سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔
