پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔
انہوں نے پاک افغان سرحد پر حالیہ اشتعال انگیزی اور بیرونی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ صوبائی حکومت سرحدی اضلاع کے عوام کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔
اپنے بیان میں سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ سرحدی علاقوں کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونے دیا جائے گا، موجودہ صورتحال کے تناظر میں متعلقہ وفاقی اور سکیورٹی اداروں سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک افغان کشیدگی کے باعث سرحدی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، صوبائی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہے اور تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ سرحدی اضلاع میں سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے جبکہ عوام کو درپیش مشکلات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، حکومت کسی بھی صورت سرحدی علاقوں کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی ایک مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس نازک مرحلے پر اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پہلے سے زیادہ ہے، خیبرپختونخوا کے عوام نے ہمیشہ ملک کے دفاع اور استحکام کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
بیان کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ زمینی حقائق کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں اور عوام کو بروقت اور مستند معلومات فراہم کریں تاکہ کسی بھی قسم کی افواہوں اور بے چینی کا سدباب کیا جا سکے۔
