خیبرپختونخوا پولیس نے پشاور، بنوں، ہنگو اور ضلع خیبر میں مختلف تھانوں اور چیک پوسٹوں پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
پولیس کے مطابق شرپسندوں نے رات کے وقت ہینڈ گرینیڈ اور خودکار ہتھیاروں سے حملے کیے تاہم فورسز کی فوری جوابی کارروائی سے حملہ آور اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکے۔
پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں تھانے پر دستی بم حملے کے نتیجے میں ایک ہیڈ کانسٹیبل زخمی ہوگیا جبکہ متنی کے قریب ایک اور حملے میں ایک شہری بھی زخمی ہوا۔ اسی طرح ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور پولیس کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔
بنوں میں تھانہ منڈان اور ڈومیل کے علاقوں میں پولیس چوکیوں پر اسنائپر رائفلز سے فائرنگ کی گئی، جس کے بعد پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان کچھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ صورتحال کے پیش نظر شہر میں ہنگامی اقدامات نافذ کیے گئے اور اہم مقامات پر سکیورٹی مزید سخت کردی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہنگو میں بھی ایک چیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی جسے مؤثر جوابی کارروائی سے ناکام بنایا گیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے جوانوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے، جبکہ واقعات کے بعد متاثرہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے اور سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔
