English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسرائیل میں ہنگامی حالت نافذ، ملک بھر میں سائرن بج اٹھے

القمر

مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں اسرائیل میں ہفتے کی صبح ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی، جہاں ملک بھر میں اچانک سائرن بجا دیے گئے اور شہریوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات کے قریب رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں، سیکیورٹی اداروں کی جانب سے موبائل فونز پر براہِ راست الرٹ پیغامات بھی ارسال کیے گئے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق یہ ہائی الرٹ نظام خطے میں ممکنہ میزائل حملوں کے خدشے کے پیش نظر فعال کیا گیا ہے، کیونکہ علاقائی صورتحال تیزی سے سنگین رخ اختیار کر رہی ہے اور کسی بھی وقت بڑے پیمانے پر ردِعمل کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

فوجی حکام نے بتایا کہ موجودہ حالات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ہفتے کی صبح آٹھ بجے سے شہری دفاع سے متعلق ہدایات میں فوری طور پر تبدیلی نافذ کر دی گئی۔

فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئے سیکیورٹی پروٹوکول کے تحت ملک بھر میں معمول کی سرگرمیوں کو محدود کرتے ہوئے صرف انتہائی ضروری امور تک محدود کر دیا گیا ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں، عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے جبکہ دفاتر اور کام کی جگہوں پر حاضری بھی روک دی گئی ہے، تاہم حساس اور ناگزیر سہولیات کو اس پابندی سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہوم فرنٹ کمانڈ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں صرف مستند ذرائع سے فراہم کردہ معلومات پر انحصار کریں۔

فوجی ترجمان کے مطابق مکمل حفاظتی ہدایات نیشنل ایمرجنسی پورٹل اور ہوم فرنٹ کمانڈ کی موبائل ایپ پر مسلسل اپ ڈیٹ کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو بروقت اور درست رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل نے مشترکہ طور پر ایران پر فضائی حملے کر دیے ہیں، جس کے نتیجے میں دارالحکومت تہران میں یکے بعد دیگرے تین زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف پیشگی دفاعی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور اس تناظر میں پورے ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے، اس اقدام کا مقصد ممکنہ خطرات کو بروقت ناکام بنانا اور قومی سلامتی کو درپیش خدشات کا سدباب کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے