اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج امتِ مسلمہ، ایران اور پاکستان کے عوام کے لیے سوگوار دن ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی ایرانی عوام کی طرح غم سے دوچار ہے اور اس مشکل گھڑی میں پاکستان ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیرِ داخلہ نے اپنے بیان میں شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون ہاتھ میں نہ لیں اور احتجاج پُرامن انداز میں ریکارڈ کروائیں، پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، احتجاج کی آڑ میں شرپسندی کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔ محسن نقوی نے اسلام آباد کے ریڈ زون، ڈپلومیٹک انکلیو اور دیگر حساس علاقوں کا دورہ کیا اور امنِ عامہ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈپلومیٹک انکلیو میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ روزمرہ معمولاتِ زندگی میں خلل پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے وزیرِ داخلہ کو امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی، جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ پاور سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت نے نہ صرف ایران بلکہ پوری امتِ مسلمہ کو غمزدہ کر دیا ہے، پاکستان کے عوام اور حکومت ایرانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ خلوص کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہری اپنے جذبات کا اظہار قانون کے دائرے میں رہ کر کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ریاست ہر شہری کے تحفظ کو یقینی بنائے گی اور یہ مشترکہ دکھ باہمی یکجہتی سے کم کیا جائے گا۔
