ریاض : سعودی حکومت کی جانب سے یمنکے لیے ترقیاتی معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔
عالمی میڈیا کے مطابق سعودی پروگرام برائے ترقی اور تعمیر یمن نے بجٹ سپورٹ کے لیے یمنی وزارت خزانہ کے ساتھ ایک باہمی معاہدے پر دستخط کردیے گئے۔ اعلیٰ حکام کے مطابق آپریشنل اخراجات اور تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے مختص رقم 1.3 ارب ریال جمع کرانے کے حوالے سے یہ معاہدہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر یمنی وزیرخزانہ مروان بن غانم جبکہ سعودی پروگرام کے نگران اعلیٰ ایمبیسڈر محمد بن سعید الجابر بھی موجود تھے۔ مذکورہ امداد سے یمن کے بجٹ خسارے کو پورا کرنے، یمنی انتظامیہ کو اپنی ذمے داریاں پورا کرنے اور اقتصادی اصلاحات کی کوششوں کو جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب یمن کی بحالی کے حوالے سے تعاون جاری رکھے ہوئے ہے، جن کا مقصد یمن کی اقتصادی بحالی کو تیز تر کرنا ہے۔ یہ بات بھی علم میں رہے کہ سعودی پروگرام کا آغاز 2021 ءکے وسط میں کیا گیا تھا، جس میں یمنی وزارت خزانہ، وزارت منصوبہ بندی شریک ہیں۔ پروگرام کا مقصد یمنی افرادی قوت کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔
