English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاک فوج کی فیصلہ کن کارروائی، افغان طالبان رجیم کے 481 کارندے ہلاک، 226 چیک پوسٹس تباہ

القمر

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات نے افغان طالبان کے خلاف جاری آپریشن “غضب للحق” کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے جوابی کارروائی میں افغان طالبان رجیم کو بھاری جانی اور عسکری نقصان پہنچایا ہے جبکہ متعدد اہم تنصیبات کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پاک افواج کی کارروائیوں میں افغان طالبان رجیم کے چار سو اکیاسی کارندے ہلاک اور چھ سو چھیانوے سے زائد زخمی ہوئے، یہ کارروائیاں سرحد پار سے ہونے والی مبینہ دراندازی اور حملوں کے جواب میں کی گئیں۔

وزیرِ اطلاعات کے مطابق آپریشن کے دوران افغان طالبان رجیم کی دو سو چھبیس چیک پوسٹس تباہ کی گئیں جبکہ پینتیس چیک پوسٹس پر قبضہ بھی کر لیا گیا ہے، ایک سو اٹھانوے ٹینک، اسلحہ بردار گاڑیاں اور آرٹلری گنز کو بھی تباہ کیا گیا، جس سے مخالف فریق کی عسکری صلاحیت کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔

عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے اندر چھپن مختلف مقامات کو فضائی کارروائی کے ذریعے مؤثر طور پر نشانہ بنایا گیا، تمام اہداف کی نشاندہی جدید انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئی اور کارروائیوں میں شہری آبادی کو نقصان سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی۔

دوسری جانب امریکی اخبار The New York Times نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ آپریشن “غضب للحق” کے دوران پاکستان نے افغانستان کے اہم ترین فوجی اڈے بگرام ائیربیس کو کامیابی سے نشانہ بنایا، حملے میں ائیربیس کا ایک ائیرکرافٹ ہینگر اور دو ویئر ہاؤسز تباہ ہوئے، جبکہ اس حوالے سے سیٹلائٹ تصاویر بھی منظر عام پر آئی ہیں جو مبینہ نقصان کی نشاندہی کرتی ہیں۔

تاحال افغان طالبان کی جانب سے ان دعوؤں پر کوئی تفصیلی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، علاقائی صورتحال میں کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اگر یہ دعوے درست ثابت ہوتے ہیں تو خطے کی سیکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے اور سفارتی سطح پر بھی اس کے اثرات مرتب ہوں گے۔

حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا جبکہ بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے