اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، پاکستان کی سفارتی حکمت عملی اور بیرون ملک پاکستانیوں کے تحفظ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران حکومت کی جانب سے وفد کو موجودہ علاقائی حالات پر بریفنگ بھی دی گئی۔
وفد میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ، میاں محمد اسلم اور آصف لقمان قاضی شامل تھے۔
اس اہم ملاقات میں ایران، افغانستان اور مشرق وسطیٰ سمیت خلیجی خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی کو ان کیمرہ بریفنگ دی گئی اور حکومت کی سفارتی کوششوں اور اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
حکومت کی جانب سے وفد کو بتایا گیا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی سطح پر فعال کردار ادا کر رہا ہے اور مختلف ممالک کے ساتھ رابطوں کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس موقع پر وفد کو پاکستان کی سفارتی سرگرمیوں اور عالمی سطح پر جاری روابط کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا گیا۔
ملاقات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور ان کی سہولت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات بھی زیر بحث آئے۔ حکام نے وفد کو آگاہ کیا کہ ایران اور خلیجی ممالک میں موجود پاکستانی سفارتخانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پاکستانی شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں اور ہنگامی حالات میں ان کی معاونت کو یقینی بنائیں۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ بھی شریک تھے۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت طلال چوہدری اور دیگر حکومتی شخصیات بھی اجلاس میں موجود تھیں۔
ملاقات کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں قومی یکجہتی اور داخلی استحکام کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی قوتوں کے درمیان رابطہ اور مشاورت ضروری ہے تاکہ قومی مفادات کا مؤثر انداز میں تحفظ کیا جا سکے۔
