پاک فوج کے افغانستان میں جاری آپریشن غضبُ للحق کے دوران افغان طالبان کو بھاری جانی اور عسکری نقصان اٹھانا پڑرہا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق آپریشن کے دوران اب تک افغان طالبان رجیم کے 527 کارندے ہلاک جبکہ 755 زخمی ہو چکے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کی 237 چیک پوسٹیں تباہ کر دی گئی ہیں جبکہ 38 چیک پوسٹوں پر قبضہ بھی کر لیا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات کے مطابق آپریشن کے دوران افغان طالبان کے 198 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور آرٹلری گنز بھی تباہ کی جا چکی ہیں، جبکہ افغانستان کے مختلف علاقوں میں 62 مقامات کو فضائی کارروائیوں کے ذریعے مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر کرم سیکٹر میں پاک فوج نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد چوکیوں کو تباہ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ژوب اور قلعہ سیف اللہ سیکٹرز سے ملحق دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے بھاری آرٹلری فائر کے ذریعے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں متعدد ٹھکانے تباہ ہوئے جبکہ طالبان اہلکار چوکیوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی مؤثر حکمت عملی کے باعث افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کو بھاری نقصان اور پسپائی کا سامنا ہے، جبکہ آپریشن غضبُ للحق اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔
