English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

خلیجی جنگ دوسرے ہفتے میں داخل، ایران میں شہدا کی تعداد 1332 ہوگئی، 7 دن میں 3 ہزار سے زائد ایرانی اہداف پر حملے کیے گئے: سینٹ کام کا دعوی

القمر

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی آٹھویں روز بھی کشیدگی  کم ہونے کے بجائے مزید شدت اختیار کر گئی ہے اور ایران و اسرائیل کے درمیان حملوں کا تبادلہ تیزی سے بڑھتا دکھائی دے رہا ہے، جہاں ایک جانب اسرائیلی فوج نے تہران میں متعدد مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر فضائی کارروائیوں کی تازہ لہر کا اعلان کیا ہے تو دوسری جانب ایران نے بھی اسرائیلی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملوں کا نیا مرحلہ شروع کر دیا ہے ۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ایرانی دارالحکومت تہران میں مختلف مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر فضائی حملوں کی نئی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، تہران کے مغربی علاقے میں ایک زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی ہے۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے ہونے والے تازہ میزائل حملوں کے بعد اسرائیل کے معاشی و تجارتی مرکز تل ابیب میں بھی متعدد دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

 ایران کی عسکری تنظیم اسلامک پاسدارانِ انقلاب گارڈز (آئی آر جی سی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی تئیسویں لہر باضابطہ طور پر شروع کر دی گئی ہے، جس کے دوران میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے مقبوضہ فلسطین میں اہم اور حساس تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، یہ کارروائیاں مرحلہ وار انداز میں جاری رہیں گی اور ضرورت کے مطابق اہداف کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔

اسرائیل ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے منسوب زیرِ زمین بنکر سے متعلق ایک تھری ڈی ویڈیو جاری کر دی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ایران میں امریکی اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 1332  ہو گئی ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ سات روز کے دوران ایران میں تین ہزار سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے اور اس دوران جاری آپریشن ایپک فیوری کی شدت اور رفتار میں کوئی کمی نہیں آئی۔ سینٹ کام نے اس موقع پر ایرانی اہداف پر کیے گئے حملوں کی تازہ ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس میں فضائی کارروائیوں اور نشانے پر اثر ڈالنے والے ہدفوں کی تفصیلات دکھائی گئی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے دارالحکومت تہران میں کیے گئے ایک فضائی حملے کے دوران ایران کے سپریم لیڈر کے قریبی رفیق اصغر حجازی کو نشانہ بنایا ہے، اصغر حجازی ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے دفتر میں چیف آف اسٹاف کے منصب پر فائز تھے اور انہیں نہ صرف اعلیٰ سطحی کمانڈ میں اہم حیثیت حاصل تھی بلکہ وہ سپریم لیڈر کے انتہائی معتمد اور اثر و رسوخ رکھنے والے افراد میں شمار کیے جاتے تھے۔ سیاسی اور عسکری حلقوں میں انہیں آیت اللہ خامنہ ای کے قریب ترین ساتھیوں میں سے ایک تصور کیا جاتا تھا اور ریاستی معاملات میں ان کا کردار خاصا اہم سمجھا جاتا تھا۔

لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں اب تک 123 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جب کہ 683 افراد زخمی ہیں۔

  • ویب ڈیسک
  • دانیال عدنان

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے