English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ایران کا ٹرمپ کو چیلنج: ہمت ہے تو آبنائے ہرمز میں امریکی جنگی جہاز بھیجیں

القمر

تہران: ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ہمت ہے تو آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی حفاظت کے لیے امریکی بحری جہاز بھیج کر دکھائیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے ایرانی سرکاری میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اگر امریکا اپنے بحری جہاز بھیجنا چاہتا ہے تو وہ آئل ٹینکرز کو آبنائے ہرمز سے گزار کر دکھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنی خودمختاری اور سمندری حدود کے تحفظ کے لیے ہر اقدام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر امریکی بحریہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل بردار جہازوں کو سیکیورٹی فراہم کرسکتی ہے۔

امریکی صدر کے مطابق اگر حالات کا تقاضا ہوا تو کمرشل جہازوں کے ساتھ امریکی نیوی بھی آبنائے ہرمز میں جائے گی جبکہ جہازوں کے انشورنس کے معاملے میں امریکی مالیاتی ادارے بھی مدد فراہم کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کے اہم ترین تیل بردار بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے۔  مشرق وسطیٰ کے کئی تیل پیدا کرنے والے ممالک خصوصاً سعودی عرب، ایران، عراق، کویت، بحرین، قطر اور متحدہ عرب امارات کا تیل اسی راستے کے ذریعے عالمی منڈیوں تک پہنچتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے