بیروت: لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک ہوٹل پر اسرائیلی جارحانہ فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم چار افراد شہید جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
لبنانی وزارتِ صحت کے مطابق حملہ شہر کے مرکزی ساحلی علاقے راوشے (Raouche) میں واقع ایک ہوٹل کے کمرے کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔ راوشے بحیرۂ روم کے ساحل کے قریب واقع بیروت کا ایک معروف سیاحتی علاقہ ہے جہاں متعدد ہوٹل اور رہائشی عمارتیں موجود ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جاری علاقائی کشیدگی کے باعث ان ہوٹلوں میں جنوبی لبنان اور بیروت کے مضافاتی علاقوں سے نقل مکانی کر کے آنے والے افراد بھی بڑی تعداد میں مقیم تھے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس حملے میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کی ایلیٹ قدس فورس کے اہم کمانڈروں کو نشانہ بنایا گیا، اسرائیلی حکام نے ان کمانڈروں کے نام ظاہر نہیں کیے۔ اسرائیل کا مؤقف ہے کہ یہ کمانڈر لبنان میں موجود قدس فورس کے نیٹ ورک کے ذریعے اسرائیل اور اس کے شہریوں کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
دوسری جانب حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے اسرائیلی فوجی ٹھکانوں اور سرحدی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے راکٹ حملے کیے ہیں جبکہ سرحد کے قریب جھڑپیں بھی جاری ہیں۔
لبنان کے وزیر اعظم نواف سلام نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ایک ایسی تباہ کن جنگ میں دھکیل دیا گیا ہے جسے لبنان نے نہ تو شروع کیا اور نہ ہی اس کا انتخاب کیا تھا، جاری حملوں کے باعث بڑے پیمانے پر نقل مکانی انسانی اور سیاسی سطح پر سنگین نتائج پیدا کر سکتی ہے۔
