واشنگٹن: امریکا میں طلبہ کے مذاق نے ہائی اسکول کا ایک ٹیچر جان کی بازی ہارگیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست جارجیا میں طلبہ کے مذاق کی وجہ سے ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میںایک ہائی اسکول کا ایک ٹیچرطلبہ کی گاڑی کی ٹکر سے جان کی بازی ہارگیا۔ میڈکے مطابق 40 سالہ ریاضی کے استاد جیسن ہیوز ایک اسکول میں تدریس کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ چند طلبہ نے مذاق کے طور پر ان کے گھر کے درختوں پر ٹوائلٹ پیپر لپیٹ دیا، جو امریکا میں نوجوانوں کے درمیان عام شرارت سمجھی جاتی ہے۔ جب جیسن ہیوز گھر سے باہر آئے تو طلبہ موقع سے فرار ہونے لگے۔ شرارتی لڑکوں کا پیچھا کرتے ہوئے وہ سڑک پر گر پڑے اور ایک ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی۔ گاڑی 18 سالہ طالب علم جیدن ریان والس چلا رہا تھا۔
واقعے کے بعد زخمی استاد کو فوری طور پر میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق جیدن ریان والس پر فرسٹ ڈگری وہیکولر ہومیسائیڈ، بے پروائی سے ڈرائیونگ، غیر قانونی داخلے اور کچرا پھیلانے سمیت کئی الزامات عاید کیے گئے ہیں جبکہ اس واقعے میں ملوث مزید 4 نوجوانوں کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
