امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فورسز نے چند گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے والی 10 کشتیوں اور جہازوں کو تباہ کر دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی فورسز نے گزشتہ چند گھنٹوں میں سرنگیں بچھانے میں مصروف 10 کشتیوں اور جہازوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
ایک اور پیغام میں ٹرمپ نے ایران سے مطالبہ کیا کہ اگر آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں تو انہیں فوری طور پر ہٹا دیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی بھی وجہ سے سرنگیں بچھائی گئی ہیں اور انہیں فوری طور پر نہ ہٹایا گیا تو ایران کو ایسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا جو اس نے پہلے کبھی نہیں دیکھے ہوں گے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ایران ممکنہ طور پر بچھائی گئی سرنگیں ہٹا دیتا ہے تو یہ درست سمت میں ایک بڑا قدم ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اس کارروائی میں وہی ٹیکنالوجی اور میزائل صلاحیت استعمال کر رہا ہے جو اس سے قبل منشیات اسمگلروں کے خلاف آپریشنز میں استعمال کی جا چکی ہے۔
