انقرہ: ترکیہ کے صدر رجب طیب اِردوان نے نتین یاہو پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں اسرائیل کے لیے ایک بڑی آفت قرار دے دیا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ترک صدر کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال نے نہ صرف خطے میں کشیدگی بڑھا دی ہے بلکہ اسرائیلی شہریوں کو بھی غیر معمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ترک صدر اِردوان نے ایک بیان میں کہا کہ نیتن یاہو کی متنازع پالیسیوں کے باعث اسرائیلی شہریوں کو خوف اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے اور وہ اپنی راتیں پناہ گاہوں میں گزارنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب خود اسرائیل کے اندر بھی ایسی آوازیں اٹھ رہی ہیں جن میں کہا جا رہا ہے کہ نیتن یاہو کی قیادت ملک کے لیے سنگین مسائل کا باعث بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال اسرائیلی عوام کے لیے ایک بڑے بحران کی شکل اختیار کر چکی ہے۔
ترک صدر نے مزید کہا کہ ان کی حکومت کی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ خطے میں جاری کشیدگی کو مزید بڑھنے سے پہلے کم کیا جائے۔ اگر موجودہ تنازع کو فوری طور پر نہ روکا گیا تو یہ پورے مشرق وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
رجب طیب اردوان نے خبردار کیا کہ جنگ کے پھیلنے کی صورت میں اس کے اثرات خطے کے کئی ممالک تک پہنچ سکتے ہیں جس سے انسانی اور معاشی بحران مزید گہرا ہو سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ترکیہ خطے میں امن کے قیام کے لیے سرگرم سفارتی کوششیں کر رہا ہے اور مختلف فریقوں کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش جاری ہے تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جا سکے اور مسئلے کا پرامن حل تلاش کیا جا سکے۔
