English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جنگی طیاروں کی ریہرسل، اسلام آباد اور راولپنڈی میں دھماکے جیسی آوازیں

القمر

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں جمعہ کو زور دار دھماکے جیسی آواز سنی گئی جس کے بعد شہری خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے، بعد ازاں ذرائع نے بتایا کہ یہ آواز دراصل جنگی طیاروں کی تیز رفتار پرواز کے باعث پیدا ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح کے علاقوں میں اچانک زور دار آواز سنائی دی جس سے شہریوں میں تشویش پھیل گئی۔ ابتدائی طور پر متعدد افراد نے اسے دھماکا سمجھا اور لوگ احتیاطاً گھروں سے باہر نکل آئے۔

ذرائع کے مطابق یہ آواز پاکستان فضائیہ کے جنگی طیاروں کی پرواز کے دوران ساونڈ بیرئیر ٹوٹنے کے باعث پیدا ہوئی۔ بتایا گیا کہ 23 مارچ یومِ پاکستان کی تقریبات کے سلسلے میں جنگی طیارے فلائی پاسٹ کی ریہرسل کر رہے تھے جس کے دوران طیاروں کی انتہائی تیز رفتار پرواز سے یہ آواز سنائی دی۔

اطلاعات کے مطابق اس دوران اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشنز کو عارضی طور پر روک دیا گیا اور حفاظتی اقدامات کے طور پر طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کچھ دیر کے لیے معطل کر دی گئی۔ اس کے علاوہ 23 مارچ کی تقریبات کی تیاریوں کے پیش نظر ریہرسل کے دوران فضائی حدود بھی کچھ وقت کے لیے بند رکھی گئی۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی حدود ایک گھنٹے سے زائد وقت تک بند رہی جس کے باعث پروازوں کے شیڈول میں معمولی ردوبدل کیا گیا۔ بعد ازاں فلائٹ آپریشنز دوبارہ معمول کے مطابق بحال کر دیے گئے۔

اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آپریشنل وجوہات کی بنا پر آج کچھ دیر کے لیے فلائٹ آپریشنز میں معمولی ایڈجسٹمنٹ کی گئی تھی، تاہم اب تمام پروازیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق تازہ معلومات کے لیے متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔

بعد ازاں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے ایک اور بیان میں واضح کیا کہ اسلام آباد کی فضائی حدود مکمل طور پر بند ہونے کی خبریں درست نہیں ہیں اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ معمول کے مطابق فعال ہے، یوم پاکستان کے موقع پر اس سال باقاعدہ پریڈ کے بجائے فلائی پاسٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے