اسلام آباد:وزیر اعظم شہباز شریف نے خطے کی بدلتی صورتحال کے پیش نظر ملک میں غذائی ذخائر اور اشیائے خورونوش کی طلب و رسد کی مکمل نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی ضروریات کو متاثر کیے بغیر وافر مقدار میں موجود غذائی اشیاء کی خلیجی ممالک کو برآمد کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔
یہ ہدایات وزیر اعظم کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں جاری کی گئیں جس میں ملک میں غذائی صورتحال اور اشیائے خورونوش کی برآمدات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں حکام نے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت اشیائے خورونوش کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور کسی بھی بنیادی غذائی شے کی قلت کا سامنا نہیں ہے۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو زرعی پیداوار اور غذائی اجناس کے موجودہ ذخائر سے متعلق تفصیلات فراہم کی گئیں۔ حکام نے بتایا کہ ملک میں زرعی اجناس، گوشت، پولٹری، ڈیری مصنوعات اور سی فوڈ کی پیداوار نہ صرف ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے بلکہ ان شعبوں میں برآمدات کی وسیع صلاحیت بھی موجود ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ عالمی سپلائی چینز متاثر ہونے کے باعث خطے میں پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کے مواقع بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ موجودہ حالات میں خلیجی ممالک کو درکار اشیائے خورونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ان کے غذائی تحفظ کا بھی خیال رکھا جائے۔
وزیر اعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ملکی غذائی ضروریات کو متاثر کیے بغیر اضافی مقدار میں موجود اشیائے خورونوش کی خلیجی ممالک کو برآمد کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے، برآمد کی جانے والی اشیاء کا معیار بین الاقوامی معیار کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ پاکستان کی مصنوعات کی ساکھ مزید مضبوط ہو سکے۔
اجلاس میں وزیر اعظم نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو ہدایت کی کہ وہ بحری راستوں کے ذریعے خلیجی ممالک تک اشیائے خورونوش کی ترسیل کے لیے ضروری انتظامات کرے تاکہ برآمدات میں اضافہ ممکن ہو سکے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت بھی جاری کی جو روزانہ کی بنیاد پر ملک میں غذائی صورتحال اور برآمدات کے امکانات کا جائزہ لے گی۔ مزید برآں انہوں نے خلیجی ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں اور تجارتی افسران کو بھی متحرک رہنے کی ہدایت کی تاکہ پاکستانی غذائی مصنوعات کی برآمدات کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔
اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، رانا تنویر حسین، احد خان چیمہ، معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی چیف سیکریٹریز اور متعلقہ نجی شعبوں کی ایسوسی ایشنز کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔
