حکومت سندھ نے آج سے کراچی میں الیکٹرک بس سروس کا ایک نیا روٹ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صوبائی حکومت کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ ماحول دوست الیکٹرک بس کا نیا روٹ آج (منگل) سے چلایا جا رہا ہے جس سے لاکھوں شہری فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ان کے مطابق الیکٹرک بس سروس کا یہ روٹ گلشنِ معمار سے شروع ہو کر ٹاور تک جائے گا۔ نئے روٹ کے آغاز سے گلشنِ معمار، سرجانی ٹاؤن اور قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو شہر کے مرکزی حصوں تک پہنچنے میں آسانی ہوگی۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ اس نئے روٹ سے شہریوں کو جدید، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو بہتر اور ماحول دوست عوامی ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
ان کے مطابق الیکٹرک بسیں جدید سہولیات سے لیس ہیں اور ماحول کے لیے بھی موزوں ہیں، جبکہ حکومت کراچی جیسے بڑے شہر میں عالمی معیار کی ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مستقبل میں الیکٹرک بس سروس کے مزید روٹس بھی متعارف کرائے جائیں گے کیونکہ شہر میں عوامی ٹرانسپورٹ کی بہتری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
