اسلام آباد: سینٹ سیکریٹریٹ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیرِ بحث گاڑی کی ادائیگی مئی 2025 میں گزشتہ مالی سال کے بجٹ سے کی گئی تھی جبکہ گاڑی کی ڈیلیوری مارچ 2026 میں موصول ہوئی۔
سینٹ سیکریٹریٹ کے ترجمان نے بتایا کہ یہ گاڑی مئی 2025 میں مالی سال 25-2024 کے دوران ایک شفاف عمل کے تحت حاصل کی گئی تھی اور مجموعی گاڑیوں کی تبدیلی کے منصوبے کا حصہ تھی۔ اس منصوبے کے تحت نہ صرف سینٹ سیکرٹریٹ بلکہ چیئرمین قائمہ کمیٹیوں، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، قائدِ ایوان اور قائدِ حزبِ اختلاف کو بھی نئی گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ یہ اقدام سینیٹ کے افسران اور ارکان کے لیے موجودہ گاڑیوں کی تبدیلی کے منصوبے کے مطابق کیا گیا تاکہ سینیٹ سیکرٹریٹ اور ارکان کے لیے سہولیات میں بہتری لائی جا سکے، یہ پورا عمل شفافیت کے اصول کے تحت انجام دیا گیا اور کسی بھی غیر قانونی یا غیر شفاف کارروائی کا حصہ نہیں تھا۔
اس اعلان سے واضح ہوا کہ زیرِ بحث گاڑی کی خریداری اور ڈیلیوری منصوبہ بندی کے تحت معمول کے عمل کا حصہ تھی اور اس کا تعلق موجودہ مالی سال کے بجٹ سے نہیں بلکہ پچھلے مالی سال میں کیے گئے شفاف اقدامات سے ہے۔
