English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عیدالفطر سے قبل پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ

القمر

کراچی کے کمشنر نے عیدالفطر کے موقع پر بڑھتے رش، ٹریفک اور پارکنگ مسائل پر قابو پانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کرنے کے ساتھ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان کمشنر کے مطابق یہ فیصلے کمشنر کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس میں کیے گئے، جس میں تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔

منصوبے کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی، ٹاؤن ایڈمنسٹریشن، ٹریفک پولیس اور مقامی پولیس مشترکہ طور پر کام کریں گے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری حل نکالا جا سکے۔ اس کے علاوہ مصروف بازاروں میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی کیمپ بھی قائم کیے جائیں گے۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی جاری رکھتے ہوئے انہیں بحالی کے لیے نجی فلاحی اداروں کے حوالے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کمشنر آفس کی جانب سے جاری مہم کے دوران گزشتہ 10 دنوں میں 144 پیشہ ور بھکاریوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے