ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

بارشوں کے بعد ڈینگی کے پھیلاؤ کا خدشہ، این آئی ایچ کی صوبوں کو فوری اقدامات کی ہدایت

اسلام آباد: نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) نے حالیہ بارشوں کے بعد ملک بھر میں ڈینگی کے کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ ممکنہ وبا پر بروقت قابو پایا جا سکے۔

ادارے کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بارشوں اور نمی میں اضافے کے باعث مچھروں کی افزائش کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو گیا ہے، خصوصاً شہری علاقوں میں جہاں پانی کھڑا رہتا ہے۔ این آئی ایچ نے نشاندہی کی کہ گزشتہ برسوں کے دوران ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔

این آئی ایچ نے صوبائی اور ضلعی صحت حکام کو ہدایت کی ہے کہ ڈینگی کی بروقت تشخیص کے نظام کو مؤثر بنایا جائے، مچھر مار مہم کو تیز کیا جائے اور اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری یقینی بنائی جائے۔ اس کے ساتھ ہی طبی عملے کو بھی ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اعلامیے میں عوام سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی گئی ہے، جن میں لمبی آستین والے کپڑے پہننا، مچھر بھگانے والی ادویات کا استعمال اور گھروں و گردونواح میں پانی جمع نہ ہونے دینا شامل ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اور بروقت طبی نگہداشت انتہائی ضروری ہیں، جبکہ اسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ ڈینگی مریضوں کے لیے علیحدہ وارڈز اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ممکنہ وبا سے مؤثر طور پر نمٹا جا سکے۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں