کراچی: مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث پاکستان سے خلیجی ممالک کے لیے فضائی آپریشن شدید متاثر ہو گیا ہے، جہاں مزید چالیس پروازیں منسوخ ہونے کے بعد گزشتہ بیس روز کے دوران منسوخ پروازوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار آٹھ سو دس تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں سے مشرق وسطیٰ جانے والی درجنوں پروازیں منسوخ کی گئیں، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی سے دوحہ، بحرین، ابوظہبی اور دبئی کے لیے تیرہ پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ متعدد مسافروں کو ایئرپورٹس پر طویل انتظار کرنا پڑا۔
اسی طرح لاہور، اسلام آباد اور پشاور سے فجیرہ جانے والی آٹھ پروازوں کو العین منتقل کیا گیا، جس کے باعث مسافروں کے سفری منصوبے متاثر ہوئے۔ لاہور سے آٹھ، اسلام آباد سے سات، پشاور سے دس اور ملتان سے مشرق وسطیٰ کی دو پروازیں بھی منسوخ کی گئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ خطے میں جاری جنگی صورت حال اور سکیورٹی خدشات کے باعث فضائی حدود اور روٹس میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، جس کے نتیجے میں پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہو رہا ہے۔ ایئرلائنز کو حفاظتی اقدامات کے تحت پروازیں منسوخ یا متبادل راستوں پر منتقل کرنا پڑ رہا ہے۔
گزشتہ بیس روز کے دوران مجموعی طور پر ایک ہزار آٹھ سو دس پروازوں کی منسوخی نے بین الاقوامی سفر کو بری طرح متاثر کیا ہے، خصوصاً خلیجی ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور جیسے ہی سکیورٹی حالات بہتر ہوں گے، پروازوں کی بحالی کا عمل مرحلہ وار شروع کیا جائے گا، موجودہ حالات کے پیش نظر مزید تاخیر اور منسوخیوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
