English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پاکستان نے افغان طالبان کا جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام مسترد کر دیا

القمر

اسلام آباد: وزارتِ اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان کی جانب سے پاکستان پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے لگائے گئے تمام الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ عید الفطر کے دوران سرحد پر امن کا مکمل احترام کیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ افغان وزارتِ دفاع کی جانب سے کیے گئے تمام دعوے لغو اور سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے من گھڑت الزامات کا مقصد محض پروپیگنڈا کرنا ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پیدا ہونے کا خدشہ موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے بے بنیاد بیانات ممکنہ طور پر افغان حکومت کے اندر موجود مخصوص عناصر کی کارستانی ہو سکتے ہیں۔ ان عناصر کا اصل مقصد اپنی ناکامیوں کو چھپانا اور دہشت گردی کے لیے کوئی نیا جھوٹا جواز تلاش کرنا ہو سکتا ہے۔

حکومتِ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کے دفاع پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ وزارتِ اطلاعات کے مطابق پاکستان ہر قسم کے پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور کسی کو بھی اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پہلے ہی اپنی پوزیشن واضح کر چکا ہے کہ اگر افغان حمایت یافتہ عناصر کی جانب سے سرحد پار کوئی بھی حملہ یا دہشت گردی کی گئی تو عارضی جنگ بندی فوری طور پر ختم کر دی جائے گی۔ ایسی صورت میں آپریشن غضب للحق دوبارہ شروع ہوگا۔

حکام نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے لیکن اپنی قومی سلامتی کو ہر قیمت پر مقدم رکھتا ہے۔ کسی بھی قسم کی شر انگیزی کا جواب دینے کے لیے سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر الرٹ ہیں اور سرحدی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے