English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عیدالفطر کے موقع پر خیبر پختونخوا میں سیاحتی سہولیات

القمر

پشاور: خیبر پختونخوا میں عیدالفطر کے موقع پر صوبائی حکومت نے سیاحوں کے لیے خصوصی انتظامات کا اعلان کیا ہے تاکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کا سفر آسان اور خوشگوار بنایا جا سکے۔ اس حوالے سے اقدامات وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی اور چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کی ہدایات پر کیے جا رہے ہیں۔

محمد عثمان محسود نے بتایا کہ توقع کی جا رہی ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں برس زیادہ سیاح صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات کا رخ کریں گے۔ سیاحوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانگی کو یقینی بنانے کے لیے ٹورازم پولیس ڈیوٹیاں سرانجام دیں گی اور اس مقصد کے لیے اہلکاروں کی چھٹیاں عارضی طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔

سیاحوں کی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے صوبے میں ٹورسٹ انفارمیشن اینڈ فسیلیٹیشن سینٹرز عید کے دوران مکمل فعال رہیں گے۔ ہیلپ لائن 1422 چوبیس گھنٹے فعال رہے گی تاکہ سیاح کسی بھی مشکل یا ہوٹل سے متعلق مسائل کے فوری حل کے لیے مدد حاصل کر سکیں، سیاح سفر سے قبل موسم، راستوں اور سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے 1422 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

صوبائی حکومت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کے پی ٹورازم اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے سیاحتی مقامات پر مکمل طور پر متحرک رہیں گے۔ اس کے علاوہ سکیورٹی انتظامات کو بھی بہتر بنایا گیا ہے تاکہ سیاح محفوظ ماحول میں اپنی چھٹیاں گزار سکیں۔

صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات نہ صرف سیاحوں کو سہولت دینے بلکہ خیبر پختونخوا کی سیاحتی ترقی کو فروغ دینے کے لیے بھی اہم ہیں۔ توقع ہے کہ عید کے دنوں میں ہزاروں سیاح صوبے کے خوبصورت مقامات جیسے سوات، دیر، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کا لطف اٹھائیں گے اور مقامی معیشت کو فروغ ملے گا۔

  • ویب ڈیسک
  • وہاج فاروقی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے